مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ، مزید 2 نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کیا، اس دوران داخلی اور خارجی راستے بند جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس منقطع کردی گئی۔
بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے، نوجوان نہتے تھے اور مقامی کالج میں زیر تعلیم تھے۔
انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے لاشیں لواحقین کے بجائے پولیس کے حوالے کردیں۔
شہداء کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اس ظلم و بربریت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مودی سرکار کے خلاف اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں شدید نعرے بازی کی ۔
بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ کے حکم پر مقامی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا ، پولیس کے تشدد سے 8 مظاہرین زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ بھارتی کی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں