عمران خان کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔
ڈنڈا بردار کارکنوں نے کینال روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا، زمان پارک کا کنٹرول بھی پی ٹی آئی کارکنان نے سنبھال لیا ہے، ٹھنڈی سڑک اور جیل روڈ کو بھی کارکنان نے ٹریفک کیلئے بند کر دیا، مال روڈ پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
سڑکوں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر کی مین شاہراہوں کی بندش کے باعث اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کسی صورت قابل قبول نہیں، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، عمران خان نے کوئی گناہ نہیں کیا۔
رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی پارٹی کارکنان کو لبرٹی چوک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کر کے ایک بار پھر توہین عدالت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں