وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

گوجرانوالہ: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی، عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔وفاقی وزیر داخلہ کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اے ٹی سی کے جج رانا زاہد اقبال خان نے جاری کیے، عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے۔
خیال رہے کہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج ایک مقدمہ میں جاری کیے گئے تھے، مقدمہ اگست 2022ء میں (ق) لیگ کے مقامی رہنما کی مدعیت میں درج ہوا تھا، ایف آئی آر میں چیف سیکرٹری پنجاب اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔گزشتہ سماعت پر پولیس نے مقدمہ خارج کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی تھی جس پر عدالت نے اخراج رپورٹ مسترد کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، ناقص تفتیش پر مقدمہ کے تفتیشی افسر، ڈی ایس پی اور ایس پی انویسٹی گیشن کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں