ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ، سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

لاہور: روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھربڑا اضافہ دیکھا گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی ہوئی ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 30 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 205 روپے 16 پیسے سے بڑھ کر 206 روپے 46 پیسے ہو گئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی اتحادیوں پر مبنی مخلوط حکومت کے آنے پر امریکی کرنسی 23 روپے 53 پیسے مہنگی ہو گئی ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے قرضوں کے بوجھ میں 2400 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ کی بڑھوتری دیکھی گئی جبکہ قیمت 207 روپے 50 پیسے پر ہو گئی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں نئی حکومت میں ڈالر 22 روپے 50 مہنگا ہو چکا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تاخیر اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے جاری اجلاس کے باعث ڈالر کے مقابلے روپیہ دباؤ میں ہے۔ گزشتہ سیشن کے دوران بین الاقوامی خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے ڈالر کی طلب میں مزید اضافہ کیا۔ برآمد کنندگان شرح تبادلہ سے فائدہ اٹھانے کے لیے کمائی کو ملک سے باہر روک کر رکھے ہوئے ہیں اور سٹیٹ بینک آف پاکستان اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ بروقت کارروائی کریں تاکہ برآمد کنندگان کو مجبور کیا جائے کہ وہ برآمد سے حاصل ہونے والی آمدنی کو واپس لاکر زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کریں۔

ماہرین کے مطابق چین نے بھی اب تک صرف قرضہ ری شیڈول کرنے کی زبانی یقین دہانی کرائی ہے۔ بیجنگ نے اب تک قرض ری شیڈول کرنے کے حوالے سے تحریری طور پر کچھ نہیں بتایا جس کی وجہ سے روپے پر دباؤ ہے اور ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، اربوں روپے کا فائدہ

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی تسلسل جاری ہے، آج ایک مرتبہ پھر 100 انڈیکس 384.11 پوائنٹس بڑھ کر 41138.79 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

حصص مارکیٹ میں تیزی کے باعث 4 حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 41100، 41200، 41300، 41400 کی حدیں شامل ہیں۔

سٹاک مارکیٹ میں پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.94 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 6 کروڑ 86 ہزار 371 شیئرز کا لین دین ہوا، زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں