پشاور:پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی مسجد میں دھماکے میں 30 افراد شہید جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
ایس پی آپریشنز کے مطابق بظاہر مسجد میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا، جامع مسجد میں 2 حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی، حملہ آور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد مسجد میں داخل ہوئے، دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوا، جس کی حالت تشویشناک ہے، حملے سے متعلق کوئی الرٹ نہیں تھا۔
وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ عمران خان نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دھماکا المناک ہے، یہ ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے، ہلاکتوں کی بڑی تعداد ہے، اس پر جتنی مذمت کی جائے کم ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس سے رابطے میں ہیں۔