اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت نے شوکت ترین کو وزیراعظم کا مشیر خزانہ مقرر کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔ اس سے قبل شوکت ترین وفاقی وزیر خزانہ کے عہدے پر کام کر رہے تھے تاہم ان کی قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہوئے بغیر وفاقی وزیر بنائے جانے کی مدت ہفتے کے روز ختم ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں مشیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔
آئین پاکستان کے تحت عوامی نمائندہ منتخب ہوئے بغیر کسی شخص کو 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز کیا جا سکتا ہے تاہم کابینہ میں مستقل رہنے کیلئے غیر منتخب شخص کو سینیٹر یا قومی اسمبلی کا رکن بننا ضروری ہے، دوسری صورت میں وہ کابینہ سے خارج تصور ہو گا۔
شوکت ترین ان دنوں امریکہ میں موجود ہیں، انہوں نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ مذاکرات کامیابی سے جاری ہیں، ناکامی سے متعلق تاثر غلط، قوم کو ناامید نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینکر ہمیشہ ڈومور کا ہی مطالبہ کرتا ہے، ماضی میں ہماری برآمدات اتنی اچھی نہیں رہیں۔ مہنگائی کم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، معیشت میں بہتری آ رہی ہے تاہم تھوڑا وقت درکار ہے۔
Load/Hide Comments