اسلام آباد: اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، اس بار کورونا سے حفاظتی تدابیر دیکھنےمیں نہیں آ رہیں، انسداد کورونا کیلئے سنجیدگی کی ضرورت ہے ورنہ سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔
این سی او سی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں بھی کورونا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، روزانہ 600 مریض ہسپتال پہنچ رہے ہیں، بڑے شہروں میں کورونا کی شرح میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے، کئی شہروں میں وینٹی لیٹرز کا استعمال 80 فیصد سے زیادہ ہے، رواں ہفتے کورونا سے ہلاکتوں کی تعدا دسب سے زیادہ ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا مثبت کیسز کی وجہ سے ہسپتالوں میں دباؤ بڑھ رہا ہے، آکسیجن پر مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی ہے، ابھی بڑے شہر بند نہیں کر رہے، چند دن کی گنجائش رہ گئی ہے، کورونا کی وجہ سےبڑے شہر بند کرنا پڑیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 148 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 600 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 72 ہزار 381 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 488 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 76 ہزار 535، سندھ میں 2 لاکھ 74 ہزار 196، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 8 ہزار 462، بلوچستان میں 21 ہزار 127، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 204، اسلام آباد میں 70 ہزار 984 جبکہ آزاد کشمیر میں 15 ہزار 873 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 13 لاکھ 19 ہزار 832 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 301 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 72 ہزار 619 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 528 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 148 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 600 ہوگئی۔ پنجاب میں 7 ہزار 664، سندھ میں 4 ہزار 559، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 953، اسلام آباد میں 649، بلوچستان میں 225، گلگت بلتستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 446 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔