اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کے بعد دو وزراء نے حلف اٹھا لیا۔ شوکت ترین نے وفاقی وزیر خزانہ اور سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا حلف اٹھایا۔
ایوان صدر میں وفاقی وزراء کی حلف برداری تقریب ہوئی، جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز اور شوکت ترین سے حلف لیا۔
دوسری طرف وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شوکت ترین اور سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر مقرر کردیا، عمرایوب سے پیٹرولیم اور حماد اظہر سے وزارت خزانہ کا اضافی چارج واپس لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا،
نوٹیفیکیشن کے مطابق شوکت ترین وفاقی وزیر برائے خزانہ اور محصولات ہونگے، حماد اظہر وزیر توانائی، عمرایوب وزیر اقتصادی امور مقرر کیے گئے ہیں، فواد چوہدری وزیراطلاعات، شبلی فراز وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہونگے، خسرو بختیار وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنایا گیا تھا جبکہ حماد اظہر سے وفاقی وزیر خزانہ کا عہدہ سے لیکر شوکت ترین کو تفویض کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کارکردگی بہتربنانے کیلئے کی گئی ہیں 6 مہینے میں شوکت ترین کو قومی اسمبلی یا سینیٹ کا رکن بننا ہوگا کیوں کہ وزیراعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی بھی شخص کو 6 ماہ کے لیے وزیر مقرر کرسکتے ہیں اور انہی اختیارات کے تحت شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں لہٰذا مستقبل میں انہیں سینیٹر بنانے یا الیکشن لڑانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کی حکومت میں ایک مرتبہ پھر وزراء کے قلمدانوں میں تبدیلی کردی گئی اور تقریباً پونے 3 سال کے عرصے میں چوتھا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین کو وزارت اطلاعات و نشریات جبکہ شوکت ترین کو وزارت خزانہ و ریونیو کاقلمدان سونپ دیا ہے۔
جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد حماد اظہر وفاقی وزیر برائے توانائی ، مخدوم خسروبختیار وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور سید شبلی فراز وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہوں گے جبکہ عمر ایوب خان کو وفاقی وزیربرائے اقتصادی امور کا قلمدان دیا گیا۔
29 مارچ کو وزیر خزانہ بننے والے حماد اظہر سے صرف 18 روز بعد وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیا گیا اور انہیں وزیر توانائی بنایا گیا ہےجبکہ وزیر اطلاعات کا قلمدان ملنے کے بعد فواد چوہدری نے وزارت سائنس وٹیکنالوجی کا چارج چھوڑدیا ہے۔
ادھروفاقی وزیرسینیٹر شبلی فراز نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ذمہ داری تفویض کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہےجبکہ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اگر کوئی وزارت پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے تو وہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ہے۔
جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے مشکور ہیں جنہوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ضم کیا جائے گا۔
بطور وزیر اطلاعات میرا کام پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا اور نیا پاکستان بنانے کے لئے حکومت کی متحرک کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔